• Breaking News

    ملائشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے پاکستان کے دورے کا اعلان کر دیا. نیا پاکستان

    مہاتیر محمد 23 مارچ کو تین روزہ سرکاری دورے پر پاکستان آئیں گے

     
    ملائشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے پاکستان آنے کی تاریخ کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ملائشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد 23 مارچ کو تین روزہ سرکاری دورے پر پاکستان آئیں گے۔ ان کے ہمراہ ملائشین سرمایہ کاروں اور تاجروں کا ایک بڑا وفد بھی پاکستان آئے گا جبکہ سرمایہ کمپنیوں کے نمائندے اس دورے سے پہلے بھی پاکستان پہنچیں گے۔
    مہاتیر محمد اپنے عرصہ اقتدار کے دوران متعدد مرتبہ پاکستان کے دورے کر چکے ہیں تاہم یہ دورہ وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر کر رہے ہیں۔ اس بات کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مہاتیر محمد پام آئل سمیت ملائشیا سے پاکستان کو فراہم کرنے والی متعدد اشیا پر ٹیکسوں کی چھوٹ اور موخر ادائیگیوں کی سہولت کا اعلان بھی کریں گے۔
    اس حوالے سے سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ملائشیا کی کم از کم بارہ بڑی سرمایہ کار کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کو تیار ہیں۔
    یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ ماہ ملائشیا کا دو روزہ دورہ کیا تھا۔ ملائیشیا کے وزیراعظم مہا تیر محمد کے چہرے پر وزیراعظم عمران خان کے دورے کے دوران مسکراہٹ چھائی رہی۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کا شکریہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر پوسٹ کےذریعے سے کیا۔ جس میں انہوں نے وزیر اعظم عمران کے دورہ ملا ئشیا کے دورے کی جھلکیوں پر مبنی ویڈیو بھی پوسٹ کی۔
    اس پوسٹ میں ڈاکٹر مہا تیر محمد نے کہا کہ میں وزیراعظم عمران خان اور ان کے وفد کا ملائیشا کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ مجھے امید ہے کہ آپ نے یہاں پائیداری وقت گزارا ہو گا۔مجھے یقین ہے کہ آپ کا یہ دورہ ہمارے دونوں ممالک،ہماری عوام اور اس دونوں ریجن کے درمیان تعاون بڑھانے کے لیے مددگار ثابت ہوگا۔ واضح رہے کہ مہاتیر محمد کی اہلیہ اور ملائشیا کی خاتون اول بھی وزیراعظم کی مداح ہیں جنہوں نے عمران خان کے دورہ ملائشیا کے دوران ازراہ عقیدت ان کا ہاتھ پکڑنے کی بھی اجازت طلب کی تھی جس پر عمران خان نے مُسکرا کر اجازت دے دی تھی اور پھر ملائشیا کی خاتون اول نے وزیراعظم عمران خان کا ہاتھ پکڑ کر تصاویر بنوائیں جو سوشل میڈیا پر بھی کافی وائرل ہوئی تھیں۔

    No comments